فلسطین کی ایک فوج داری عدالت نے غزہ کی پٹی میں ایک عمر رسیدہ خاتون کو قتل کرنے کے جرم میں ملوث ایک مجرم کو سزائے موت جب کہ اس کے دو ساتھیوں کو قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ پراسیکیوٹر جنرل اسماعیل جبر نے بتایا کہ عمر رسیدہ خاتون ثریا رجب البدری کے قتل میں ملوث مجرم کے خلاف تمام ٹھوس شواہد اور ثبوت ملنے کے بعدعدالت نے اسے سزائے موت سنائی ہے۔ اس کے ایک دوسرے شریک مجرم کو 12 سال جب کہ تیسرے ملزم کو دو سال قید کی سزا کا حکم دیا گیا ہے۔
پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ ملزمان کو سنائی گئی سزا میں کسی قسم کا ابہام اور غموض موجود نہیں۔ ان کے خلاف تمام شواہد اظہر من الشمس ہیں۔ انہوں نے قصداً ایک خاتون کے گھر میں گھس کر اسے قتل کرنے کے ساتھ ساتھ لوٹ مار کی تھی۔ پولیس نے قتل میں استعمال ہونے والے آلہ قتل کو بھی قبضے میں لے لیا ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے پراسیکیوٹر نے کہا کہ کیس کے مرکزی ملزم کو جلد از جلد پھانسی دے دی جائے گی تاکہ ایک بے گناہ عمر رسیدہ خاتون کے لواحقین کو انصاف اور ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دی جا سکے۔
خیال رہے کہ ثریا البدری نامی ایک بوڑھی عورت کو ملزمان نے رواں سال جولائی میں غزہ کی پٹی میں اس کے گھر میں گھس کر قتل کر دیا تھا۔