اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے سیاسی شعبے کے رکن اور جماعت کے ترجمان عزت الرشق نے یہودی آباد کاروں کے روز مرہ کی بنیاد پر مسجد اقصیٰ پر دھاووں کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہودی اشرار کی طرف سے قبلہ اول پر یلغار مقدس مقام کو زمانی اور مکانی اعتبار سے تقسیم کرنے کی ایک بھونڈی سازش ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اپنے ایک بیان میں حماس رہ نما نے کہا کہ یہودی شرپسند اسرائیلی حکومت کی ترغیب اور شہہ کے تحت ہی مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے مرتکب ہوتے ہیں۔ یہودی قبلہ اول میں مذہبی رسومات کی ادائی کے لیے نہیں بلکہ مسجد کی تقسیم کی سازشوں کو آگے بڑھانے کے لیے آتے ہیں۔ یہودی مسلسل یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ مسجد اقصیٰ ہیکل سلیمانی کی بنیادوں پر تعمیر کی گئی اور وہ دوبارہ اس جگہ ہیکل سلیمانی کی تعمیر کا مزعومہ دعویٰ کرتے ہوئے مسلمانوں کے پہلے قبلہ کی بے حرمتی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قبلہ اول کا دفاع صرف فلسطینیوں کی نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ اس لیے مسلم امہ کو دفاع قبلہ اول کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہو گا۔