فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں گذشتہ روز ایک یہودی آباد کار نے شاہراہ عام پر بکریوں کو لے کرگھر لوٹ نے والے ایک فلسطینی شہری کو اس کی بکریوں سمیت کچل ڈالا جس کے نتیجے میں فلسطینی شہری شدید زخمی ہوگیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق یہودی آباد کار نے الخلیل شہر میں السموع قصبے کی شاہراہ 60 کو عبور کرتے ہوئے 27 سالہ فلسطینی نوجوان ابراہیم احمد شحادہ ابو عواد کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں وہ اور اس کی بکریاں بھی زخمی ہوئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق ابراہیم عواد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ غرب اردن کی سڑکوں پر جنونی ڈرائیونگ کرنے والے یہودی شرپسندوں کے ہاتھوں آئے روز فلسطینی شہریوں کا جانی نقصان ہو رہا ہے۔ دو روز قبل غرب اردن ہی میں ایک یہودی آباد کار نے ایک معمر فلسطینی شہری کو موٹرسائیکل تلے کچل ڈالا تھا جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔