پنج شنبه 01/می/2025

امریکی سیاہ فام صہیونی ریاست کے خلاف بائیکاٹ تحریک میں سب سے آگے

جمعہ 12-اگست-2016

امریکا میں اسرائیل کے بائیکاٹ تحریک میں شدت آنے اور امریکی سیاہ فام نسل کے صہیونی ریاست کے بائیکاٹ میں شامل ہونے پر اسرائیل نے سخت غم وغصے اور برہمی کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب امریکی سیاہ فاموں کی بڑی تعداد نے اسرائیل کےعالمی گیر بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق امریکا میں سیاہ نسل کی سب سے بڑی نمائندہ تحریک ’’ Blaks Lives Matter‘‘ کے زیراہتمام امریکا کے متعدد شہروں میں اسرائیلی بائیکاٹ کے حق اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی میں مظاہرے ہوئے ہیں۔

امریکی سیاہ فام تحریک کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں صدر باراک اوباما اور ان کی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیل کو دی جانے والی دفاعی اور سول امداد بند کرے کیونکہ امریکا کی دی گئی امداد فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی نسل پرستی اور غیرقانونی یہودی آباد کاری پر صرف کیے جانے کے ساتھ فلسطینیوں کے قتل عام کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔

عبرانی اخبار’’ہارٹز‘‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ امریکا میں اسرائیل کے خلاف سیاہ فام نسل میں غم وغصہ بڑھتا جا رہا ہے۔

عبرانی اخبار لکھتا ہے کہ جب سے اسرائیل میں سفید فام پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں سیاہ فام اسرائیلیوں کے ساتھ امتیازی سلوک کے واقعات سامنے آنے شروع ہوئے ہیں امریکا سمیت دنیا بھر کے سیاہ فاموں میں اسرائیل کے خلاف نفرت میں غیرمعمولی اجافہ ہوا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا میں موجود سیاہ فاموں کی طرف سے اسرائیلی سیاہ فاموں پر تشدد کی مذمت کے ساتھ ساتھ صہیونی ریاست کے عالمی گیر اور ہمہ جہت بائیکاٹ کی تحریک بھی زور پکڑ گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا کی کئی جامعات بھی سیاہ فام امریکیوں کے مطالبات کے ہم آواز ہیں کیونکہ جامعات کے طلباء کی بڑی تعداد بھی اسرائیل میں سیاہ فاموں پر پولیس کے تشدد کی مذمت میں احتجاجی ریلیاں منعقد کرتی رہی ہے۔

عبرانی اخبار کے مطابق امریکا میں سیاہ فاموں کی اسرائیل کے خلاف نفرت کے دوران جو نعرے سنے اور پڑھے گئے ہیں ان میں امریکی حکومت کے خلاف بھی سخت نفرت کا اظہار ہوتا ہے کیونکہ امریکا میں بھی سیاہ فام نسل کے ساتھ  امتیازی سلوک اور ان پر تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ان نعروں میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم کو بھی بڑی پذیرائی ملی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی