اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے ترکی میں گذشتہ مہینے فوج کے ایک مںحرف ٹولے کی جانب سے منتخب حکومت کا تختہ الٹے جانے کی کوشش ناکام بنائے جانے پر ترک حکومت کو مبارک باد پیش کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ترک وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ حماس کے سربراہ خالد مشعل نے ترک وزیراعظم بن علی یلدرم کو ٹیلیفون کیا اور انہیں 16 جولائی جو فوجی بغاوت ناکام بنائے جانے پرمبارک باد پیش کی۔
ترکی کے سرکاری خبر رساں ادارے’اناطولیہ‘ کے مطابق ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے خالد مشعل نے کہا کہ فلسطینی قوم اور ان کی جماعت [حماس] ترک قوم کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی میں فوجی بغاوت کے بعد سازش کے خلاف نہ صرف ترک عوام سڑکوں پر نکلے بلکہ ترکی میں موجود فلسطینی اور ادھر فلسطین کے اندر بھی شہری ترک بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سڑکوں پر آئے ہیں۔
دوسری جانب ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے حماس لیڈر کی مبارک باد اور فلسطینی قوم کی طرف سے بغاوت کے خلاف ترک عوام کا ساتھ دینے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترک اور فلسطینی اقوام ایک دوسرے کی مشکلات دور کرنے میں ہرممکن مدد جاری رکھیں گی۔ ترک وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ترکی فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق اور مطالبات پورے کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا۔
اس موقع پر ترک وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کے معاہدے کے تحت غزہ کی پٹی پر عاید پابندیاں نرم کرنا بھی شامل ہے۔ اس معاہدے کے تحت ترکی نے غزہ کی پٹی کے عوام کے لیے 11 ہزار ٹن خوراک اور دیگر امدادی سامان بھی غزہ بھیجا ہے۔