چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیلی فوج کا غرب اردن میں مسماری آپریشن جاری، مزید کئی املاک منہدم

منگل 9-اگست-2016

قابض صہیونی فوج کی جانب سے غیرقانونی قرار دے کر فلسطینیوں کی املاک کو مسمار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کل سوموار کو غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں صہیونی فوج نے مسماری آپریشن کے دوران فلسطینیوں کی متعدد املاک کو زمین بوس کر دیا۔ اس دوران طوباس شہر میں پانی کا ایک کنواں بھی مسمار کر دیا گیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق شمالی غرب اردن کے شہر نابلس میں صہیونی فوجیوں نے بلڈوزروں کی مدد سے زرعی مقاصد کے لیے تعمیر کردہ فارمز مسمار کر ڈالے۔

نابلس کے مقامی فلسطینی عہدیدار عثمان العنوز نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ قابض فوجیوں نے سوموار کے روز الجفتلک کے مقام پر فلسطینی شہریوں رشید حریزات، ساری ابو عرام اور ولید ابو ھنیہ کی ملکیتی زرعی اور مویشیوں کے لیے بنائے گئے فارم مسمار کر دیے۔

العنوز نے بتایا کہ قابض فورسز نے متعدد فلسطینی شہریوں کو اپنی املاک اور مکانات خالی کرنے کے نوٹس جاری کیے ہیں۔ ان نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے یہ مکانات اور دیگر عمارتیں حکومت کی اجازت کے بغیر تعمیر کر رکھی ہیں انہیں فوری طورپر خالی کیا جائے تاکہ ان کی مسماری کا عمل شروع کیا جا سکے۔

قابض فوجیوں نے شمالی نابلس میں سبسطیہ کے مقام پر فلسطینی شہری عبداللہ جمال کا گائے اور بھینسوں کے لیے بنایا گیا فارم مسمار کر ڈالا۔

اطلاعات کے مطابق گذژشتہ روز اسرائیلی فورسز نے شمالی وادی اردن کے لیے بنائی گئی پانی کی سپلائی لائن کاٹ دی، جس کے نتیجے میں مقامی شہریوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

مقامی ذرائع نے ہمارے نامہ نگار کو بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے بھاری مشینوں کی مدد سے گیارہ کلومیٹرکے علاقے میں بنائی گئی پانی کی لائن کاٹ ڈالی، جس کے نتیجے میں 250  شہریوں کو پانی سپلائی رک گئی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی