شام میں دمشق کے قریب مغربی الغوطہ کے مقام پر واقع خان الشیخ نامی فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر روسی جنگی طیاروں نے وحشیانہ بمباری کی، جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہری شہید اور کم سے کم 10 زخمی ہو گئے۔
‘یرموک پناہ گزین کیمپ نیوز’ نے اپنے فیس بک صفحے پر پوسٹ ایک بیان میں بتایا ہے کہ روسی فوج نے جنگی طیاروں نے سوموار کی شام خان الشیخ کیمپ پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں محمود حسن الخالدی نامی پناہ گزین شہید اور 10 شہری زخمی ہو گئے۔
ادھر فلسطین۔ شام ایکشن گروپ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ روسی طیاروں کی طرف سے خان الشیخ پناہ گزین کیمپ پر متعدد کلسٹر بم گرائے گئے۔ جس کے نتیجے میں ایک پناہ گزین شہید اور دس افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں عورتیں اور کم سن بچے بھی شامل ہیں۔
روسی فوج کے جنگی طیاروں کی جانب سے خان الشیخ کے مقام پر یہ بمباری ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب چھ اگست کو شامی عسکری گروپوں کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ خان الشیخ کیمپ میں ان کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہے۔