جمعه 15/نوامبر/2024

ترک اپوزیشن کا صدر ایردوان کے خلاف دائر مقدمات واپس لینے کا اعلان

بدھ 3-اگست-2016

ترکی کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت ’پیپلز ری پبلیکن‘ نے صدر رجب طیب ایردوآن کے خلاف عدالتوں میں دائر مقدمات واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ترک اپوزیشن لیڈر کمال قلیجدار اوگلو نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تمام قوتوں نے صدر ایردوآن کے خلاف عدالتوں میں دائر مقدمات واپس لینے سے اتفاق کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مقدمات واپس لینے کا فیصلہ صدر رجب طیب ایردوآن کے ساتھ اظہار یکجہتی کی ایک شکل ہے۔

ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اپوزیشن لیڈر کمال کلیچدار کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں  اور پیپلز ری پبلیکن پارٹی نے اپنے وکیل جلیل چیلیک کو ہدایت کی ہے کہ وہ صدر کے خلاف عدالتوں میں دائر سیاسی نوعیت کے تمام مقدمات واپس لینے کے لیے تیاری کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ صدر کے خلاف عدالتوں میں دائر تمام مقدمات جلد واپس لے لیے جائیں گے۔

قبل ازیں صدر رجب طیب ایردوآن نے بھی اپوزیشن جماعتوں  اور سیاسی رہ نماؤں کے خلاف دائر مقدمات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے اپوزیشن لیڈر کمال کلیچدار اور پیپلز ری پبلیکن کے دیگر رہ نماؤں کے خلاف عدالتوں میں چل رہے تمام مقدمات ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کا ایک دوسرے کے خلاف عدالتوں میں جاری مقدمات واپس لینے کا اعلان خوش آئند ہے۔ اس کے نتیجے میں حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان پائے جانے والے فاصلے کم کرنے میں مدد ملے گی۔

مختصر لنک:

کاپی