اسرائیل کی مرکزی عدالت میں دو فلسطینی نوجوانوں پر اسرائیلی فوجی اور شہری تنصیبات پر سنگ باری کے الزامات کے تحت فرد جرم پیش کی گئی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حراست میں لیے گئے دونوں فلسطینی نوجوانوں پر گذشتہ روز فرد جرم عاید کی گئی۔ ان پر الزام ہے کہ وہ بیت المقدس میں پولیس اہلکاروں اور یہودی کالونیوں کے درمیان چلنے والی ٹرین پر سنگ باری میں ملوث ہیں۔
اس کے علاوہ فلسطینی نوجوانوں پر یہودی آبادکاروں کی گاڑیوں کو آگ لگانے، اسلحہ رکھنے اور یہودی فوجیوں پر حملوں کے بھی الزامات عاید کیے گئے ہیں۔
اسرائیل کے عبرانی ریڈیوکی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 19 سالہ ناصر ابو خضیر او 21 سالہ محمد ابو خضیر سنہ 2014ء میں بیت المقدس میں یہودی شرپسندوں کے ہاتھوں زندہ جلا کر شہید کیے گئے فلسطینی محمد حسین ابو خضیر کے رشتہ دار ہیں۔