امریکا میں ری پبلیکن پارٹی کے متنازع سمجھے جانے والے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اپنے عجیب وغریب بیانات کی وجہ سے بدنامی کی حد تک مشہور ہیں۔ گذشتہ روز انہوں نے ایک نیا اور عجیب وغریب بیان دے کر اپنے لیے ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا۔ انہوں نے روسی ہیکروں سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کی مخالف صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کا ای میل ہیک کریں اور ان کی ای میل سے پراسرار طور پر غائب ہونے والی 30 ہزار خفیہ ای میل واپس لائیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق امریکا کی جنوب مشرقی ریاست فلوریڈا میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’اگر روسی میری بات سن رہے ہیں[ان کا اشارہ ہیکروں کی طرف تھا] تو میری بات سنیں کہ ہمیں آپ کی ضرورت ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ آپ ہیلری کلنٹن کے ای میل اکاؤنٹ میں نقب لگائیں اور ان 30 ہزار ای میلز کا پتا چلائیں جو مبینہ طور پر پراسرار طریقے سے ان کے اکاؤنٹ سے غائب ہوئی ہیں‘۔
صرف یہی نہیں بلکہ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’فیس بک‘ کے اپنے صفحے پر لکھا کہ روس یا کسی بھی دوسرے ملک کے سائبر ماہرین[ہیکرز] ہماری مدد کریں اور ہیلری کلنٹن کے اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ ہونے والی ای میل کا ڈیٹا واپس لانے میں تعاون کریں۔
خیال رہے کہ سابق امریکی وزیر خارجہ اور موجودہ صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کے خلاف ان کے ای میل سے ڈیٹا چوری ہونے کا ایک اسکینڈل سامنے آیا تھا۔ ان کے وزارت خارجہ کے عہدے سے سبکدوشی کے بعد یہ خبریں گردش کرتی رہی ہیں کہ ہیلری کے ای میل اکاؤنٹ سے ہزاروں کی تعداد میں حساس نوعیت کی میل پراسرار طور پر چوری ہوئی ہیں۔