جمعه 15/نوامبر/2024

شام میں پانچ سال کے دوران 3275 فلسطینی پناہ گزین شہید کردیے گئے

جمعرات 28-جولائی-2016

شام میں سنہ 2011ء کے بعد سے جاری خانہ جنگی کے دروان مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ شام میں پناہ گزین کے طور پر اقوام متحدہ کے قائم کردہ کیمپوں میں رہنے والے فلسطینی مہاجرین کی بڑی تعداد بھی جنگ کا ایندھن بن چکی ہے۔ فلسطین۔ شام ایکشن گروپ کی جانب سے تازہ اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ پانچ سال کےدوران شام میں مقیم 3275 فلسطینی پناہ گزین جام شہادت نوش کر گئے ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق لندن میں قائم شام ۔ فلسطین ایکشن گروپ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شام میں شہید ہونے والے فلسطینیوں پر ہرطرح سے حملے کیے گئے۔ انہیں بمباری میں نشانہ بنایا گیا۔ جیلوں میں انسانیت سوز تشدد کر کے انہیں قتل کیا گیا۔ براہ راست گولیاں ماری گئیں اور متحارب فریقین کے درمیان لڑائی کے دوران بھی سیکڑوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینیوں کی شہادتوں کا ایک بڑا سبب شامی شہروں کا سرکاری فوج کی جانب سے محاصرہ بھی ہے۔ بڑی تعداد میں فلسطینی بچے اورمریض شہری خوراک اور ادویہ نہ ملنے کے باعث جام شہادت نوش کر گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شامی فوج نے سیکڑوں فلسطینی پناہ گزینوں کو جیلوں میں تشدد کر کے شہید کیا۔ اس وقت بھی 75 فلسطینی خواتین سمیت 1088 فلسطینی شہری شام کی سرکاری جیلوں میں قید ہیں اور ان کے انجام کے بارے میں کوئی پتا نہیں کہ آیا وہ زندہ بھی ہیں یا نہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شام میں جاری خانہ جنگی کے دوران ڈیڑھ لاکھ فلسطینیوں کو کیمپ خالی کرنا پڑے ہیں اور وہ شام کے اندر اور بیرون ملک در بہ در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ نقل مکانی کرنے والے فلسطینی مہاجرین کی بڑی تعداد لبنان، ترکی، اردن، مصر،لیبیا اور یورپی ملکوں کو جانے پر مجبور ہوئی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق 80 لاکھ فلسطینی پناہ گزین شامل چھوڑ گئے ہیں۔

خیال رہے کہ فلسطین میں سنہ 1948ء میں صہیونی ریاست کے غاصبانہ قیام کے دوران شمالی اور جنوبی فلسطین سے لاکھوں فلسطینیوں کو جبراً بے دخل کر دیا گیا تھا۔ ھجرت کرنے والے لاکھوں فلسطینیوں کو اندرون ملک اور پڑوسی عرب ملکوں میں اقوام متحدہ کے زیرانتظام کیمپوں میں رکھا گیا۔ شام میں موجود فلسطینی پناہ گزینوں کی تعداد چھ لاکھ سے زاید بیان کی جاتی ہے۔

 

مختصر لنک:

کاپی