جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی فوج کا وحشیانہ کریک ڈاؤن، 16 فلسطینی گرفتار

جمعرات 28-جولائی-2016

 فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں آج جمعرات کو اسرائیلی کی گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کم سے کم 16 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں طلباء تنظیم ’اسلامک بلاک‘ کے طلباء بھی شامل ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج نے غرب اردن اور بیت المقدس میں تلاشی کی کارروائیوں کےدوران 16 فلسطینیوں کو حراست میں لیا ہے۔ ان میں متعدد افراد سیکیورٹی اداروں کو مختلف کارروائیوں میں پہلے ہی مطلوب تھے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی حکام نے غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں ایک کارروائی کے دوران اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی مقرب طلباء تنظیم اسلامک بلاک کے 7 کارکنوں کو بھی گرفتار کیا ہے۔ چار فلسطینیوں کو بیت لحم میں الدھیشہ پناہ گزین کیمپ سے حراست میں لیا گیا جب کہ دو کو بیت المقدس میں شعفاط پناہ گزین کیمپ اور چار کو الخلیل شہر سے گرفتار کیا گیا۔

گرفتار کیے جانے والے تمام افراد کو تفتیش کے لیے نامعلوم حراستی مراکز منتقل کردیا گیا ہے۔

اسلامک بلاک کے کارکنان کی گرفتاریاں

عینی شاہدین کے مطابق جمعرات کو علی الصباح اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں جامعہ النجاح میں زیرتعلیم اسلامک بلاک کے طلباء کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا۔ کریک ڈاؤن میں 7 طلباء کو حراست میں لیا گیا ہے۔

عینی شاہدین نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ صہیونی فوج کی بھاری نفری نے جمعرات کو علی الصباح نابلس شہر کو گھیرے میں لیا اور گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کردیاگیا۔ بعض گھروں کےداخلی دروازوں پر دھماکے بھی کیے گئے جس کے نتیجے میں گھروں کی بیرونی دیواروں کو نقصان پہنچا۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے اسلامک بلاک کے کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران سابق اسیر عبدالرحمان محمود البشتاوی، مجاھد عاشور، امین الحلبونی، براء غسان ذوقان، فوزی بشکار، عبدالرحمان الوادی اور ایھاب احمد عاشور کو حراست میں لے لیا۔

بیت لحم میں دھشیہ کے مقام سے 22 سالہ رغد راید شمروخ، 20 سالہ بلال معیوی، 21 سالہ کرم نصری عبد ربہ، 22 سالہ حمدی معروف الاطرش کو حراست میں لیا۔ قلقیلیہ شہر سے دو سابق اسیران 19 سالہ نضال ریاح حسین اور 21 سالہ عبود عمران حسین کو حراست میں لے لیا۔ طوباس سے طمون کے مقام پر چھاپے کے دوران مسجد سے ایک فلسطینی نوجوان کو گرفتار کیا گیا جس کی شناخت عمز ذیاب بنی عودہ کے نام سے کی گئی ہے۔ اسے گرفتاری کے وقت وحشیانہ تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا۔

الخلیل کے کفل حارس قصبے سے چار فلسطینیوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جب کہ رام اللہ اور سفلیت میں بھی اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا۔

مختصر لنک:

کاپی