فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں ترکی کے قونصل جنرل کے دفتر میں سیکڑوں نمائندہ فلسطینی شخصیات نے حال ہی میں ترکی میں برپا ہونے والی ناکام بغاوت کے دوران جاؓ بحق افراد کی تعزیت کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ترک قونصل جنرل مصطفیٰ سارنیج نے ملاقات اور تعزیت کے لیے آئی فلسطینی شخصیات سے ملاقات کی۔ فلسطینی شہریوں نے ترک سفارت کاروں سے انقرہ حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا یقین دلایا۔ اس موقع پر تعزیت کرنے والے شہریوں کی جانب سے ترکی میں گذشتہ جمعہ کو بغاوت کی ناکام سازش کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
ادھر رام اللہ شہر میں ’’سٹی ان‘‘ ہوٹل میں بھی ترکی میں انقلاب کی ناکام کوشش کے دوران جاں بحق افراد کے حوالے سے ایک تعزیتی کیمپ لگایا گیا۔ اس کیمپ میں بھی فلسطینی شہریوں کا تانتا بندھ گیا اور بڑی تعداد میں عام شہری بھی تعزیتی کیمپ میں آئے جہاں انہوں نے کیمپ میں ہونے والی قران خوانی میں بھی حصہ لیا۔
اناطولیہ نیوز ایجنسی کے مطابق سابق فلسطینی وزیر خالد ابو عرفہ نے سٹی ان ہوٹل میں تعزیتی کیمپ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قوم کو ترکی میں بغاوت کی سازش اور اس دروان ہنگاموں میں عام شہریوں کے جانی نقصان پر گہرا دکھ ہے۔ فلسطینی قوم ترکی میں پیدا ہونے والے بحران کے جلد خاتمے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم ترکی میں منتخب حکومت کے خلاف بغاوت کی سازش کو مسئلہ فلسطین کے خلاف سازش سے تعبیر کرتے ہیں اور ترکی کی حکومت ، عوام اور اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ترکی میں فوج کے ایک منحرف گروپ نے منتخب حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کی تھی مگر عوام اور محب وطن افواج نے اس سازش کو بری طرح کچل دیا تھا۔ انقلاب کی سازش کے دوران اڑھائی سو کے قریب افراد مارے گئے تھے جن میں باغی بھی شامل تھے۔