اسرائیلی فوج کی اسپیشل کمانڈو یونٹ ’’الیماز‘‘ کے کئی کمانڈوز نے ’’ریمون‘‘ نامی جیل کے’وارڈ 5‘ پر دھاوا بولا اور وہاں پر پابند سلاسل فلسطینیوں پر تشدد کے ساتھ ساتھ ان کے سامان کی بھی توڑپھوڑ کی۔
فلسطین میں اسیران کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے کلب برائے اسیران کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ روز سارائیلی فوج کی اسپیشل یونٹ کے درجن بھر کمانڈوز نے ’ریمون‘ جیل کے وارڈ پانچ پر دھا وا بولا، وہاں پر پابند سلاسل فلسطینی قیدیوں کو ہراساں کیا گیا اور انہیں کمروں سے باہر نکال کر ان کے سامان کی تلاشی کی آڑ میں کمروں میں موجود سامان کی توڑ پھوڑ کی۔
خیال رہے کہ ریمون جیل پر اسرائیلی فوج کے کمانڈوز کی جانب سے یہ دھاوا ایک ایسے وقت میں بولا گیا ہے جب کہ دوسری جانب صہیونی حکام نے اسی جیل میں بھوک ہڑتال کرنے والے عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین سے وابستہ قیدیوں پر سختیوں میں پہلے اضافہ کردیا ہے۔ اس جیل میں قید کئی فلسطینی اسیران نے بھوک ہڑتالی ساتھی بلال کاید کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طورپر بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے۔