قابض اسرائیلی پولیس نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس سے ایک فلسطینی نوجوان کو حراست میں لیا ہے جس کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان لوبا السمری نے بتایا کہ پولیس نے آج 17 جولائی بہ روز اتوار بیت المقدس میں یافا کے قریب کنگ جارج شاہراہ سئ ایک مشتبہ فلسطینی مزاحمت کار کو حراست میں لیا ہے جس کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب اس نے مقامی ریل کار میں سوار ہونے کی کوشش کی تھی۔ پولیس کی جانب سے پوچھ گچھ کے دوران اس نے بتایا کہ اس کے بیگ میں دھماکہ خیز مواد موجود ہے۔
ترجمان کے مطابق فلسطینی نوجوان کی گرفتاری کے بعد جائے وقوعہ کو بند کردیا گیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والے بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا۔
فلسطینی شہری کی گرفتارکے بعد کچھ دیر کے لیے ٹرین سروس معطل کردی گئی تھی تاہم علاقے کو کلیئر کرنے کے بعد ٹرین سروس بحال کردی گئی۔