جمعه 15/نوامبر/2024

مذہبی رسومات کی ادائی کی آڑ میں سیکڑوں یہودی قبلہ اول میں داخل

منگل 12-جولائی-2016

یہودی آباد کاروں کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے۔ آج منگل کو اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں سیکڑوں یہودیوں نے مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کرمذہبی رسومات کی ادائی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی محکمہ اوقاف ومذہبی امور کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ منگل کے روز صبح سے سہ پہر تک 221 یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج اورپولیس کی بھاری نفری یہودی شرپسندوں کی سیکیورٹی پر تعینات کی گئی تھی۔ یہودی آباد کاروں  نے مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی، اشتعال انگیز حرکات کاارتکاب کیا اور تلمودی تعلیمات کی آڑ میں مذہبی رسومات ادا کیں۔

درایں اثناء گرین لائن[سنہ 1948ءکے مقبوضہ فلسطینی علاقوں] میں سرگرم اسلامی تحریک نے یہودی آباد کاروں کے دھاووں کی روک تھام کے لیے فلسطینیوں سے قبلہ اول آمد کی اپیل کی ہے۔

اسلامی تحریک کے نائب صدر الشیخ کمال الخطیب نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ‘فیس بک‘ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں فلسطینی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ یہودی اشرار کی شرانگیزی کا مقابلہ کرنے کے لیے گھروں سے نکلیں اور قبلہ اول کے ساتھ اپنا رشتہ مضبوط بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم کو اپنے قول وعمل سے یہ ثابت کرنا ہے کہ قبلہ اول تنہا نہیں ہے۔ پوری فلسطینی قوم دفاع قبلہ اول کے لیے تن من دھن کی قربانی دینے کو تیار ہے۔

مختصر لنک:

کاپی