لیموں کے بیشتر فوائد کا تذکرہ آتے فوراً کھانے پکانے اور کچن میں اس کے استعمال کی طرف ذہن جاتا ہے مگر لیموں قدرت کی ایک ایسی بیش بہا نعمت ہے جس کے کچن کے سوا بھی کئی جگہوں پر استعمال ممکن ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین نے ’’ہیلتھی لائیو‘‘ ویب سائیٹ کے حوالے سے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ لیموں کے پانی[جوس] سے آپ فریج کو اندر سے صاف کرتے ہوئے اس کی بدبو کو خوش بو میں بدل سکتے ہیں۔
اس کا طریقہ کار بھی انتہائی آسان ہے۔ آپ لیموں کے چند دانے لیں۔ ان کا جوس نکالیں، اس جوس کو روئی کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں پر ڈال کرانہیں گیلا کریں اور پھر گیلے کیے روئی کے ٹکڑوں سے فریج کو اندر سے صاف کریں۔ اس طرح فریج نہ صرف یہ کہ صاف ہو جائے گی بلکہ اس کی بد بوختم ہونے کے ساتھ فریج میں مہک پیدا ہو گی۔
خواتین اپنے ناخنوں کو چمکیلا بنانے کے لیے عموماً لیموں کا رس استعمال کرتی ہیں۔ اس طرح اس کا ایک استعمال ناخن چمکانے اور انہیں خوبصورت بنانے کے لیے بھی ہوتا ہے۔
چہرے پر بڑھاپے کے اثرات کم کرنے اور سانس کی رفتار برقرار رکھنے کے لیے بھی لیموں کا استعمال مفید ہے۔ لیموں کا جوس استعمال کرنے والے لوگوں کو بلغم جیسے امراض سے بچاؤ میں مدد ملتی ہے۔
لیموں دانتوں پر جمی روٹی کی تہہ ختم کرنے، انہیں صاف اور سفید کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ لیموں کی مدد سے دانتوں کو صاف رکھا جا سکتا ہے مگر اس کا اس مقصد کے لیے بہ کثرت استعمال نقصان دہ بھی ہو سکتا ہے۔
دھات سے بنے برتنوں کی صفائی اور ان میں پیدا ہونے والی بدبو کو ختم کرنے کے لیے بھی لیموں کا استعمال کار آمد ثابت ہوتا ہے۔
بغلوں میں پسینے کے باعث پیدا ہونے والی بدبو کو ختم کرنے کے لیے بھی لیموں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ آپ لیموں کے ایک دانے کے دو ٹکڑے کریں۔ انہیں ایک ایک بغل میں رکھ کر پانچ منٹ تک دبائیں۔ آپ کئی گھنٹے تک بغل کے پسینے کی بدبو سے بچ جائیں گے۔