چهارشنبه 30/آوریل/2025

الخلیل میں اسرائیلی فوج کے 10 ایام میں 2400 فلسطینی گھروں پر دھاوے

پیر 11-جولائی-2016

اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے اپنی رپورٹس میں بتایا ہے کہ گذشتہ  10 ایام سے الخلیل شہر کے محاصرے کے دوران صہیونی فوج نے 2400 فلسطینی گھروں پر دھاوے بول کر نہتے فلسطینیوں کو زدو کوب کیا ہے۔

عبرانی نیوز ویب پورٹل ’’وللا‘‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ الخلیل شہرمیں اسرائیلی فوج کے آپریشن میں فلسطینی اتھارٹی کے سیکیورٹی ادارے سہولت کا کردار اد کررہے ہیں۔  فلسطینی مزاحمت کاروں کی نشاندہی اور ان کی گرفتاری میں عباس ملیشیا اسرائیلی فوج کا دست و بازو بن چکی ہے۔

عبرانی ویب سائیٹ کے مطابق یکم جولائی کو الخلیل شہر میں ’’عتنائیل‘‘ کالونی میں فدائی حملے میں ایک یہودی کی ہلاکت کے بعد صہیونی فوج نے الخلیل کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کردیا تھا۔ الخلیل کے محاصرے کے دوران شہر کی مرکزی شاہراہ [شاہراہ 60] کو ٹریفک کے لیے بند کریا۔ اس کے علاہ شہر میں داخلے کے  250 راستوں کو بند کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے الخلیل کی سخت ناکہ بندی کے باوجود فلسطینیوں کی بڑی تعداد احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں 70 فلسطینی مظاہرین زخمی ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ یکم جولائی کو عتنائیل نامی یہودی کالونی میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک یہودی آباد کار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے تھے۔ اس واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے شہر کے اہم مقامات کا محاصرہ کرلیا تھا۔ دس روز گذرجانے کے باوجود محاصرہ جاری ہے۔

 

مختصر لنک:

کاپی