جمعه 15/نوامبر/2024

ترکی سے بھیجا امدادی سامان آج غرب اردن سے غزہ روانہ

اتوار 10-جولائی-2016

ترکی کی جانب سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے لیے بھیجا گیا امدادی سامان آج اتوار سے غرب اردن کے راستے غزہ میں داخل کیا جا رہا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی کی سرحدی گذرگاہ ’’کرم ابو سالم‘‘ کے ڈائریکٹر منیر الغلبان نے بتایا کہ اسرائیلی حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ترکی کی طرف سے بھیجے گئے’’لیڈی لیلیٰ‘‘ امدادی قافلے کے ضمن میں لایا گیا امدادی سامان آج ٹرکوں کے ذریعے غزہ کی پٹی میں داخل کیا جائے گا۔

منیر الغلبان نے بتایا کہ لیڈی لیلیٰ امدادی قافلے کا سامان گذشتہ ہفتے اسرائیل کی اسدود بندرگاہ پر پہنچا یا گیا تھا جہاں سے سامان کی چھان بین کے بعد اسے ٹرکوں پر لاد کر غزہ کی پٹی کے لیے روانہ کیا جانا تھا۔

گذشتہ سوموار کے روز سے ترکی سے لائے گئے امدادی سامان کے 42 ٹرک غزہ میں داخل ہو چکے ہیں۔

ادھر غزہ کی پٹی میں سیکرٹری برائے بہبود آبادی یوسف ابراہیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ترکی سے لائے گئے امدادی سامان کی تقسیم کا طریقہ کار وضع کر لیا گیا ہے۔ امدادی سامان غزہ کی پٹی میں غریب اور ضرورت مند شہریوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ترکی سے بھیجے گئے امدادی سامان سے 10 ہزار خاندان مستفید ہوں گے۔ مجموعی طورپر 400 ٹرک امدادی سامان اگلے چند ایام میں غزہ کی پٹی پہنچیں گے۔

مختصر لنک:

کاپی