فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے بیت لحم شہر میں تقوع کے مطابق نامعلوم افراد کے فائرنگ سے ایک یہودی آباد کار زخمی ہو گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یہ واقعہ تقوع قصبے کے قریب ’افرات‘ یہودی کالونی کے داخلی راستے پر پیش آیا جہاں کار سوار افراد نے فائرنگ کر کے ایک 30 سالہ یہودی کو زخمی کر دیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہودی آباد کار کو جسم کے نچلے حصے میں زخم آئے ہیں اور اسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔
ذرائع کے مطابق حملہ آور کار میں سوار تھے جو چلتی کار سے یہودی آباد کار پر فائرنگ کر کے اسے زخمی کرتے ہوئے بہ حفاظت فرار ہو گئے۔
واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا تھا تاہم کسی شخص کی گرفتاری کی اطلاع نہیں مل سکی۔
عبرانی اخبار’معاریف‘ کی ویب سائیٹ کے مطابق زخمی یہودی آباد کار کو بیت المقدس میں ‘شعار زیدک‘ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔