قطر اور ترکی کے تعاون سے غزہ کی پٹی میں جرمانوں کی عدم ادائیگی کے باعث قید 200 افراد کو عیدالفطر کے موقع پررہا کر دیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ وزارت داخلہ ونیشنل سیکیورٹی کے زیرانتظام شعبہ اصلاح و تیاری کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ 200 افراد کے جرمانوں کی ادائیگی کا انتظام قطر کی ’راف‘ فاؤنڈیشن اور ترکی کی ’’لائف لائن‘‘ کی جانب سے کیا گیا جنہوں نے مجموعی طورپر 3 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی رقم جمع کرائی جس کے بعد 200 قیدیوں کو رہا کر دیا گیا۔
فلسطینی وزارت داخلہ کے ترجمان ایاد البزم نے میڈٰیا کو بتایا کہ جن شہریوں کو جرمانوں کی ادائیگی کے بعد رہا کیا گیا ہے وہ مدد کے مستحق تھے کیونکہ ان کے اہل خانہ قیدیوں کو چھڑانے کے لیے جرمانوں کی رقوم ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے تھے۔
رواں ماہ صیام کے دوران غزہ کی پٹی میں جرمانوں کی عدم ادائیگی کے باعث قید شہریوں کی رہائی کے لیے فنڈ ریزنگ مہم چلائی گئی۔ اس مہم کے دوران 7000 شیکل جرمانوں کی رقم ادا کرنے کے بعد 350 فلسطینیوں کو رہائی دلائی گئی ہے۔