ترکی میں پچھلے ہفتے استنبول شہر کے بین الاقوامی ’’اتا ترک‘‘ ہوائی اڈے پر دہشت گردی کے نتیجے میں زخمی ہونے والا ایک چار سالہ فلسطینی بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جس کے بعد ان دھماکوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد تین ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ منگل کو اتاترک ہوائی اڈے پر دہشت گردوں نے گھس کر فائرنگ اور خود کش دھماکے کیے تھے، جس کے نتیجے میں 42 افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہو گئے تھے۔ دھماکوں میں دو فلسطینی خواتین شہید اور ایک بچے سمیت چھ افراد زخمی ہوئے تھے۔ زخمی ہونے والے بچے کی شناخت ریان محمد سعید شریم کے نام سے کی گئی تھی جس کی عمر چار سال کے قریب بیان کی جاتی ہے۔
بچے کی والدہ سندس عبدالحلیم پاشا بم دھماکوں میں زخمی ہونے کے بعد جمعرات کے روز چل بسی تھیں۔ کل ہفتے کے روز سعید شریم کی روح بھی اپنی والدہ سے جا ملی۔