اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے اپنے ایک مقرب سفارت کار اور متنازع شخصیت کو برازیل میں صہیونی ریاست کا نیا سفیر مقررکیا ہے۔ برازیل کے لیے نئے متعین کردہ سفیر پربڑے پیمانے پر کرپشن اور مالی بدعنوانی کے الزامات عاید کیے گئے ہیں۔
اسرائیل کے عبرانی اخبار’یدیعوت احرونوت‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ یوسی چیلی نامی ایک کاروباری شخصیت اور حکمراں جماعت ’’لیکوڈ‘‘ کے سرکردہ رکن ہیں۔ انہیں ڈانی ڈیان کی جگہ برازیل میں اسرائیل کا نیا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔
اخباری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیتن یاھو نے طویل غور وخوض کے بعد یوسی چیلی کو برازیل میں نیا سفیر مقرر کیا ہے۔
یوسی چیلی گذشتہ تین سال سے ’’لیکوڈ‘‘ پارٹی میں اہم عہدوں پر کام کرچکے ہیں۔ کچھ عرصہ پیشتران کا نام اس وقت منظر عام پرآیا جب ایک ٹھیکے میں کرپشن کرنےوالوں کی فہرست میں ان کی شناخت بھی کی گئی تھی۔
عبرانی ذرائع کے مطابق برازیل کو یہ اندازہ نہیں ہو پایا کہ یوسی چیلی بھی اپنے پیش رو ڈانی ڈایان کی طرح ایک متنازعہ شخصیت ہیں۔ اس سے قبل برازیل کی حکومت ڈانی ڈایان کو بھی ایک قابل اعتراض شخصیت قرار دے چکی ہے۔ برازیل کا کہنا ہے کہ ڈایان ماضی میں مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی توسیع پسندی کونسل کا چیئرمین رہ چکا ہے۔ ایک ایسےشخص کو جو فلسطینی علاقوں میں غیرقانونی یہودی توسیع پسندی میں ملوث رہا ہو کسی بھی ملک میں سفیر مقرر نہیں کیا جا سکتا ہے۔