اسرائیل کی فوجی ساز و سامان تیار کرنے والی ’’البیٹ‘‘ کمپنی نے ’’تورپیڈ‘‘ نامی ایک نئے بحری دفاع سسٹم کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ’’سی گول‘‘ نامی یہ سسٹم چھوٹی جنگی کشتیوں پر نصب کیا جائے گا جس کی مدد سے سمندر میں موجود آبدوزوں کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ حساس مقامات پر نقل وحرکت اور سمندری بارودی سرنگوں کی نشاندہی میں مدد کرے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ’’البیٹ‘‘ کا کہنا ہے کہ اس نے اس جدید دفاعی سسٹم کا تجربہ ساحلی علاقے حیفا میں کیا ہے۔ اس آلے کی مدد سے سمندر میں موجود آبدوزوں کو نشانہ بھی بنایا جا سکتا ہے۔
عبرانی اخبار ’’معاریف‘‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اس نے نئے بحری ڈیفنس سسٹم کا انکشاف رواں سال کے آغاز میں کیا تھا۔ ایک کشتی پر اس طرح کے دو سسٹم نصب کیے جا سکتے ہیں۔ کشتیوں پر نصب کیے جانے والے اس سسٹم کا سائز 12 میٹر ہے۔ کشتیوں کےعلاوہ اسے ساحل سمندر کے قریب خشکی پر نصب کیا جا سکتا ہے۔
اس سسٹم کی مدد سے نہ صرف کسی بھی آبدوز یا کشتی کو خود کار طریقے سے حملے کا نشانہ بنا کر تباہ کیا جا سکتا ہے بلکہ سمندر میں موجود بارودی سرنگوں کی نشاندہی، جنگی جہازوں کو ایندھن کی فراہمی اور حساس نوعیت کی مانیٹرنگ کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔