جمعه 15/نوامبر/2024

استنبول دہشت گردی میں شہید دو فلسطینیوں کے جسد خاکی غرب اردن منتقل

جمعہ 1-جولائی-2016

تُرکی کے استنبول شہر میں قائم اتا ترک بین الاقوامی ہوائی اڈے پر گذشتہ منگل کے روز ہونے والی دہشت گردی کی بدترین کارروائی کے نتیجے میں شہید ہونے والے دو فلسطینیوں کے جسد خاکی آج مقبوضہ مغربی کنارے پہنچائے جا رہے ہیں جہاں انہیں ان کے آبائی شہروں میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اتا ترک ہوائی اڈے پر دہشت گردی کے حملوں میں شہید ہونے والے دو فلسطینیوں کی ترکی میں بھی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ بعد ازاں شہداء کے جسد خاکی اردن منتقل کیے گئے ہیں جنہیں آج مقبوضہ مغربی کنارے میں منتقل کرنے کے بعد سپرد خاک کیا جائے گا۔

ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق استنبول میں شہید ہونے والی فلسطینی خاتون نسرین حمدان کے شوہر جو اس حملے میں خود بھی معمولی زخمی ہوئے تھے نے شہداء کی نماز جنازہ کی امامت کرائی۔

ادھر ترکی میں متعین فلسطین سفیر فاید مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ اتا ترک ہوائی اڈے پر دہشت گردی کی خونی واردات کے نتیجے میں دو فلسطینی خواتین کے شہید ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان میں ایک کی شناخت نسرین حمدان کے نام سے کی گئی ہے۔ جن کا آبائی تعلق مغربی کنارے کے جنی شہر سے ہے جب کہ دوسری خاتون سند عبدالحلیم پاشا ہیں جو قلقیلیہ سے تعلق رکھتی تھیں۔ ان کے جسد خاکی اتا ترک ہوائی اڈے سے اردن کے لیے روانہ کردیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ منگل کو استنبول کے بین الاقوامی اتا ترک ہوائی اڈے پر فائرنگ اور خود کش بم دھماکوں کے نتیجے میں کم سے کم 41 افراد جاں بحق  اور اڑھائی سو کے قریب زخمی ہو گئے تھے۔ شہداء میں دو کا تعلق فلسطین سے تھا جب کہ دھماکوں میں چھ فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی