عرب لیگ کے نو منتخب سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط آئندہ اتوار سے باضابطہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عرب لیگ کے قاہرہ میں قائم مرکزی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط عرب لیگ کے آٹھویں سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے یکم جولائی بہ روز اتوار سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
ذرائع نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ احمد ابو الغیط آئندہ اتوار کو قاہرہ میں عرب لیگ کے سیکرٹریٹ میں تنظیم کے مرکزی رہ نماؤں اور عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔ بعد ازاں وہ اسی روز عرب لیگ کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کریں گے۔
خیال رہے کہ احمد ابو الغیط کو گذشتہ مارچ میں عرب لیگ کے آٹھویں سیکرٹری جنرل کے عہدے کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ احمد ابو الغیط مصر کے سابق وزیرخارجہ ہیں اور وہ موجودہ مصری رہ نما ڈاکٹر نبیل العربی کی جگہ عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالیں گے۔
عرب لیگ کا قیام سنہ 1945ء میں عمل میں لایا گیا تھا۔ تنظیم کے قیام کے بعد سیکرٹری جنرل اس کا سربراہ ہوتا ہے جس کا انتخاب پانچ سال کے لیے کیا جاتا ہے۔
سنہ1945ء کے بعد عرب لیگ کی قیادت سات بار مصر اور ایک بار تیونس کے پاس رہی ہے۔