اسرائیل کے ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت نے طبی مقاصد کے لیے بھنگ برآمد کرنے پر غور شروع کیا ہے۔
اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 2 نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ بھنگ [چرس] کی برآمدات سے اسرائیل سالانہ ایک ارب ڈالر زرمبادلہ کما سکتا ہے۔ اسرائیل میں زراعت کے شعبے میں یہ اہم ترین درآمدات میں شمار ہو سکتی ہے کیونکہ اسرائیل زرعی اجناس کی درآمدات سے سالانہ پانچ ارب ڈالر کا زرمبادلہ کماتا ہے۔
عبرانی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزارت خانہ نے بھنگ کی برآمد کی سرکاری سطح پر اجازت دینے کے لیے کوششیں شروع کی ہیں، تاہم وزارت صحت اور داخلی سلامتی کی وزارت کی جانب سے بھنگ کی برآمدات کی مخالفت کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل آسٹریلیا، جرمنی اور چیکوسلواکیا نے طبی مقاصد کے لیے اسرائیل سے بھنگ کی درامدات میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
اسرائیل کا موجودہ قانون بھنگ جیسی منشیات کے کاروبار کی اجازت نہیں دیتا تاہم اسرائیل میں بیس رکنی زرعی ماہرین کی ٹیم اس کی کاشت کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر تحقیق کر رہی ہے۔