اسرائیلی فوج کی جانب سے ماہ صیام آتے ہی فلسطینیوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں بھی غیرمعمولی اضافہ کر دیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ماہ صیام میں اب تک دو عشروں میں 330 فلسطینی روزہ داروں کو نہایت بے دردی کے ساتھ گرفتار کرکے حراستی مراکز میں ڈالا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسیران اسٹڈ سینٹر کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماہ صیام کے دوران فلسطین کے تمام شہروں اور قصبوں میں صہیونی فوج کے وحشیانہ کریک ڈاؤن میں اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ دو عشروں کے دوران تین سو تیس فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان میں بچوں اور خواتین سمیت تمام عمر اور ہرطبقے کے فلسطینی شامل ہیں۔
ماہ صیام کے دوران اسرائیلی فوج کی پکڑ دھکڑ میں 60 فلسطینی بچے گرفتار کیے گئے جن کی عمریں 18 سال سے کم تھیں۔ اس کے علاوہ 21 خواتین کو حراست میں لیا گیا جن میں سے تین شادی شدہ اور صاحب اودلاد ہیں۔ غزہ کی پٹی کے ساحل پر اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں 13 فلسطینی ماہی گیروں کو حراست میں لیا گیا۔