جمعه 15/نوامبر/2024

غزہ کی اسلامی یونیورسٹی عرب دنیا کی بہترین جامعات میں شامل

اتوار 26-جون-2016

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر جہاں ایک طرف اسرائیلی پابندیاں عاید ہیں اور شہریوں کو بنیادی تعلیمی سہولیات کے حصول میں سنگین مشکلات کا سامنا ہے وہیں غزہ کی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی پورے مشرق وسطیٰ اور عرب دنیا کی ایک سو بہترین جامعات میں شامل ہو گئی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی اسلامی یونیورسٹی کو یہ اعزاز حال ہی میں اس وقت ملا جب امریکا میں قائم U.S News and World Report نامی ادارے نے عرب دنیا کی 2000 جامعات اور بڑے تعلیمی اداروں کے معیار تعلیم پر ایک تحقیقی رپورٹ تیار کی۔ رپورٹ کے مطابق عرب دنیا کے دو ہزار قابل ذکر تعلیمی اداروں میں 120 کو عالمی معیار کے تعلیمی ادارے قرار دیا گیا ہے۔ ان میں غزہ کی پٹی میں قائم اسلامی یونیورسٹی بھی شامل ہے۔

رپورٹ کے مطابق یو ایس ورلڈ رپورٹ آرگنائزیشن کی جانب سے تعلیمی معیار جانچنے کے لیے 11 اہم اصول وضع کیے گئے تھے۔ ان میں تعلیمی کارکردگی، تدریسی معیار، تدریسی شہرت، اسٹاف کی علمی قابلیت، طلباء کا معیار تعلیم، اسٹاف اور طلباء کو اطمینان بخش ماحول کا حاصل ہونا، تحقیقی مقالات جات اور دیگرمعیاری اصول وضع کیے گئے تھے۔

خیال رہے کہ غزہ کی اسلامی یونیورسٹی 1978ء میں قائم کی گئی تھی۔ اس کی اندرون اور بیرون ملک بھی کئی شاخیں قائم ہیں۔ اس میں 20 ہزار طلباء طالبات زیرتعلیم ہیں اور اپنے قیام کے بعد اب تک 63000 طلباء وطالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کر چکی ہے۔ یویورسٹی میں 120 اقسام کے مختلف کورسز اور تعلیمی پروگرامات کرائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ یونیورسٹی 22 تعلیمی یونٹوں پر مشتمل ہے اور دنیا بھر میں 140 عالمی اداروں کے ساتھ بھی اس کی شراکت جاری ہے۔

مختصر لنک:

کاپی