فلسطین کے ممتاز عالم دین اور قبلہ اول کے امام وخطیب الشیخ عکرمہ صبری نے فلسطینی عوام کی جانب سے اسرائیل کی طرف سے عاید کردہ پابندیوں کے باوجود قبلہ اول میں پہنچنے کےعزم کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غاصب صہیونیوں کے ہاتھوں مسجد اقصیٰ کو درپیش خطرات کا دائرہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق مسجد اقصیٰ میں رمضان المبارک کے تیسرے جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے الشیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ فلسطینیوں کو قبلہ اول تک پہنچے میں کتنی مشکلات اور مصیبتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جگہ جگہ پر اسرائیلی فوج اور پولیس کی کھڑی کی گئی ظالمانہ رکاوٹیں فلسطینیوں کو مسجد اقصٰی میں آنے سے روکنے کا مکروہ حربہ ہیں مگر فلسطینی قوم نے جرات اور عزم واستقلال کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ اسرائیلی پابندیوں اور رکاوٹوں کو توڑ کر قبلہ اول سے اپنا تعلق جوڑے رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی شہریوں کا اسرائیلی افواج کی جانب سے کھڑی کی گئی رکاوٹوں کے باوجود مسجد اقصیٰ میں پہنچنا ان کی قبلہ اول کے ساتھ محبت وعقیدت کا واضح ثبوت ہے۔
الشیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ اسرائیلی مظالم کا سلسلہ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔ انہی مظالم کی ایک شکل قبلہ اول پرقبضے کی سازشیں اور فلسطینیوں کو مقدس مقام سے دور رکھنا ہے۔ قبلہ اول کے خلاف ریشہ دوانیوں اور سازشوں کا دائرہ تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔ قبلہ اول کو لاحق خطرات کے انسداد کے لیے عرب ممالک اور مسلم امہ کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز ماہ صیام کے تیسرے جمعہ کے موقع پر اسرائیلی فوج کی طرف سے فلسطینی شہریوں سخت نوعیت کی پابندیاں عاید کی گئی تھیں۔ تاہم اس کے باوجود لاکھوں فلسطینی شہری مسجد اقصیٰ میں پہنچنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔