ترکی کے امدادی ادارے’ ترک ہلال احمر‘ کے سربراہ اپنے دو روزہ دورے پر فلسطین کے جنگ سے متاثرہ علاقے غزہ کی پٹی پہنچے ہیں جہاں وہ ترکی کے تعاون سے جاری امدادی کاموں کا جائزہ لیں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ترک ہلال احمر کے سربراہ کریم کینیک ایک وفد کے ہمراہ گذشتہ مقبوضہ مغربی کنارے کی ایریز گذرگاہ سے غزہ داخل ہوئے۔
ترک خبر رساں ایجنسی ’اناطولیہ‘ کے مطابق کریم کینیک کے ہمراہ آٹھ رکنی امدادی کارکنوں کا وفد بھی غزہ پہنچا ہے۔ اپنے دورے کےدوران ترک امدادی تنظیم کا وفد غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کی ضروریات کا جائزہ لے گا۔ اس دوران جنگ سے متاثرہ شہریوں میں خوراک کی تقسیم کا بھی پروگرام ہے۔
اپنے دورے کے دوران کریم کینیک غزہ کی پٹی میں یتیم بچوں کی بہبود کے لیے ’’امل‘‘ نامی انسٹیٹوٹ کا بھی افتتاح کریں گے۔ یہ ادارہ ترک ہلال احمر کے مالی تعاون سے قائم کیا جا رہا ہے۔