چهارشنبه 30/آوریل/2025

مروان البرغوثی کا قومی وحدت کے لیے مساعی تیز کرنے پر زور

جمعرات 23-جون-2016

اسرائیل کی جیل میں قید ایک سرکردہ فلسطینی سیاسی رہ نما اور تحریک فتح کے مرکزی لیڈر مروان البرغوثی نے تمام قومی قوتوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے فروعی اور جماعتی اختلافات سے بالا تر ہو کر قومی وحدت اور یکجہتی کے لیے کوششیں تیز کریں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مروان البرغوثی نے ان خیالات کا اظہار اسرائیلی کنیسٹ کے عرب رکن پارلیمنٹ جمال زحالقہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ جمال زحالقہ نے گذشتہ روز اسرائیل کی ’جلبوع‘ جیل میں قید فلسطینی رہ نما سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر لیجنڈ فلسطینی لیڈر نے فلسطینی سیاسی قوتوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ تمام قوتیں ملک وقوم کے مفاد کے لیے آپس میں متحد ہو جائیں اور مل کر وطن عزیز کی غاصب صہیونیوں کے قبضے سے آزادی کے لیے جدوجہد کریں۔

جیل میں جمال زحالقہ کی مروان البرغوثی کے ساتھ ملاقات دو گھنٹے تک جاری رہی۔ اس دوران فلسطین کی موجودہ صورت حال، اسرائیلی مظالم اور فلسطینیوں کی جانب سے جاری انفرادی مزاحمتی کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خیال رہے کہ مروان البرغوثی تحریک فتح کے مرکزی رہ نما اور فلسطینی پارلیمنٹ کے منتخب رکن ہیں۔ انہیں اسرائیلی فوج نے کئی سال قبل حراست میں لیا تھا۔ اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کی پاداش میں انہیں عمر قید کی سزا کا سامنا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی