فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں اور مقبوضہ بیت المقدس میں بدھ کے روز اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کم سے کم 25فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غرب اردن اور بیت المقدس میں کئی مقامات پر فلسطینیوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جن میں کئی فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ مشتعل فلسطینی شہریوں نے قابض فورسز پر سنگ باری کی اور ان پرپٹرول بموں سے حملے کیے۔
غرب اردن کے شمالی شہر طولکرم میں عنبتا قصبے میں اسرائیلی فوجیوں نے گھروں میں گھس کر تلاشی کی کارروائی کے دوران تین فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے گھروں میں گھس کر قیمتی سامان کی توڑُپھوڑ بھی کی۔
طولکرم کے جنوب میں ایک دوسری کارروائی کے دوران بھی تین فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں تلاشی کی کارروائیوں میں متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔ عینی شاہدین نے’مرکز‘ کو بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے الکردی اور الکرسوع خاندانوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔ گھروں میں تلاشی کی آڑ میں قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی اور گھروں سے نقدی اور زیورا لوٹ لیے۔
ادھربیت المقدس میں بھی بدھ کے روز گھر گھر تلاشی کی کارروائی کے دوران کئی فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ گھر گھر تلاشی کے دوران خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا گیا اور نوجوانوں اور عمر رسیدہ افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔