فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر بیت لحم میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے ساتھ ایک مسلح جھڑپ میں اسرائیلی پولیس کے ایک سینیر اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اسرائیل کے عبرانی نیوز ویب پورٹل ’’0404‘‘ کے مطابق بیت لحم اور بیت المقدس میں درمیان ایک چوکی پر مسلح فلسطینیوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چوکی پر موجود ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ اسرائیلی پولیس کی جانب سے اس واقعے کی تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی مزاحمت کار فوجی چوکی پر کامیاب حملے کے بعد بہ حفاظت اپنے ٹھکانوں تک پہنچ گئے ہیں۔ تجزیہ نگاروں نے اس کارروائی کو مزاحمت کاروں کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اہلکار پر فائرنگ کے بعد بہ حفاظت واپسی کامیاب مزاحمتی حکمت عملی کی دلیل ہے۔
ادھر مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی دہشت گردی میں مزید ایک فلسطینی بچہ شہید اور سات فراد زخمی ہوگئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے مختلف شہروں میں گھر گھر تلاشی کی مہمات شروع کی ہیں جن میں کئی فلسطینیوں کو حراست میں لیاجا چکا ہے۔