مصر کے جزیرہ نما سینا میں ایک بم دھماکے کے نتیجے میں ملٹری پولیس کا ایک افسرہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مصری وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ مصر کے شمال مشرق میں واقع جزیرہ نما سینا کے مشرق میں سیکیورٹی فورسز کے ایک قافلے کو سڑک کے کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک فوجی افسر ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
ہلاک ہونے والے فوجی افسر کی شناخت عبداللہ عبدالحفیظ عوض کے نام سے کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ مصری فوج نے جزیرہ نما سینا میں سنہ 2013ء میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن شروع کیا تھا۔ اس آپریشن میں جہاں آئے روز جنگجوؤں کی ہلاکتوں کی اطلاعات مل رہی ہیں وہیں مصری فوج کے اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی ماری جا چکی ہے۔