فلسطین کی عالمی تعلقات عامہ کونسل کی جانب سے حال ہی میں ایک برطانوی خاتون رکن پارلیمنٹ جوکوکس کے چاقو سے حملے میں قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے مقتولہ کے اہل خانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کےمطابق فلسطینی تعلقات عامہ کونسل کے چیئرمین باسم نعیم کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانوی خاتون رکن پارلیمنٹ کا قتل انتہائی دلخرش اور افسوسناک واقعہ ہے۔ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ تعلقات عامہ اس بزدلانہ حرکت پر افسردہ ہے اور مقتولہ کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل ہمدردری اور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
خیال رہے کہ برطانیہ کی ایک خاتون رکن پارلیمنٹ کو جمعرات کے روز شمالی انگلینڈ میں ایک شخص نے چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا تھا۔ حملہ آور کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ ’سب سے پہلے برطانیہ‘ کا نعرہ لگا رہا تھا۔
برطانوی خاتون رکن پارلیمنٹ کا قتل ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب برطانیہ یورپی یونین سے علاحدگی کے حوالے سے ایک ریفرنڈم کی تیاری کر رہا ہے۔
باسم نعیم نے اپنے بیان میں برطانوی خاتون رکن پارلیمنٹ کے قتل کو نسل پرستانہ کارروائی سے تعبیر کیا ہے اور کہا ہے کہ اس کارروائی سے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی نسل پرستانہ پالیسیوں کا اظہار ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جوکوکس کے قتل سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہشت گردی کا کوئی دین اور مذہب نہیں ہے۔ فلسطینی قوم سات عشروں سے ایک غاصب ریاست کی منظم ریاستی دہشت گردی کا سامنا کر رہی ہے۔