چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیلی فوجی جیپ نے فلسطینی نوجوان کچل ڈالا

ہفتہ 18-جون-2016

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر قلقیلیہ میں عزون کے مقام پر اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطنی راہ گیر نوجوان کو فوجی گاڑی تلے کچل ڈالا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ ادھر غرب اردن میں اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

مقامی فلسطینی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے راہ چلتے ایک فلسطینی نوجوان کو گاڑی تلے کچل ڈالا۔ گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والے نوجوان کی شناخت حمزہ عبداللہ عویصات کےنام سے کی گئی ہے۔ ادھر عزون قصبے میں تلاشی کی کارروئیوں کے دوران کم سے کم تین فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ہونے والوں میں 22 سالہ عاید حسین عودہ، 19 سالہ مھیوب عثمان عودہ اور محمد عبداللہ عویصات شامل ہیں۔

ادھر اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے جنوبی شہرالخلیل میں یطا اور سعیر کے مقامات پر ہفتے کے روز گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں متعدد فلسطینیوں کو گرفتارکرلیا۔

اسرائیلی فوجیوں نے شہید فلسطینی امجد الجندی کے گھر پربھی چھاپہ مارا اور گھر میں قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی۔

اسی دوران  سعیر کے مقام پر اسیر مراد ادعیس کے گھر پربھی چھاپہ مار کر گھرمیں موجود خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا اور متعدد شہریوں  کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق ہفتے کو علی الصباح اسرائیلی فوجیوں نے الخلیل میں حارہ الرجبی کے مقام پر چھاپہ مارا اور مقامی شہری داؤد الرجبی کے گھر میں توڑپھوڑ کی۔ اس دوران وہاں سے دو بچوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

مختصر لنک:

کاپی