اسرائیل کے عبرانی اخبارات نے انکشاف کیا ہے کہ گذشتہ منگل کے روز فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقدہ ایک دفاعی کانفرنس میں اسرائیل کے دسیوں جدید ترین ہتھیاروں کی بھی نمائش کی گئی ہے۔
اسرائیل کے عبرانی اخبار’’معاریف‘‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسرائیلی اسلحہ سازی کی صنعت یورپی ملکوں میں کافی مقبول ہے جس کا اندازہ پیرس میں لگائی گئی اسلحہ کی نمائش میں پیش کردہ اسرائیلی اسلحہ سے ہوتا ہے۔ اس نمائش میں کئی دوسرے ملکوں نے بھی اپنی مصنوعات پیش کیں مگر اسرائیلی ہتھیاروں کو غیرمعمولی طور پر پذایرائی حاصل ہوئی ہے۔
اخباری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسلحہ کی نمائش میں اسرائیل کو 1500 مربع میٹر کا ایک اسٹال دیا گیا تھا جس میں اسرائیل کی 30 اسلحہ ساز کمپنیوں نے اپنی مصنوعات پیش کیں۔ ان میں جدید ہتھیار اور ٹیکنالوجی کے آلات بھی شامل تھے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی اسلحہ ساز کمپنی’’رافال‘‘ نے پہلی بار بیرون ملک اپنی مصنوعات پیش کیں۔ نمائش میں پیش کردہ اسرائیلی اسلحہ میں بکتر بند گاڑیوں میں استعمال ہونے والے جدید آلات ، جدید مواصلاتی الات اور دور حاضر کی جنگوں میں استعمال ہونے والے ہلکے اور درمیانے درجے کے ہتھیار شامل تھے۔