اسرائیلی عدالتوں کی جانب سے گذشتہ روزہ 26 فلسطینی قیدیوں کو انتظامی حراست کی سزائیں سنائی گئیں۔ بعض قیدیوں کو دو ماہ اور بعض کو چھ ماہ قابل تجدید سزائیں سنائی گئی ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی اسیران کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے ’کلب برائے اسیران‘ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ جمعرات کو اسرائیلی فوجی عدالتوں نے 26 فلسطینیوں کو انتظامی قید کی سزائیں سنائیں۔
ان میں 17 اسیران کی مدت حراست میں دو سے چھ ماہ کے لیے توسیع کی گئی جب کہ 11 شہریوں کو پہلی بار انتظامی قید کی سزائیں سنائی گئیں۔ ان میں اسیر بلال کاید بھی شامل ہیں جنہوں نے 14 سال اسرائیل کی جیلوں میں قید کاٹی ہے۔