ترکی کے امدادی ادارے’IHH‘ کی جانب سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں 200 یتیم بچوں کے اعزاز میں اجتماعی افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق آئی ایچ ایچ کی جانب سے افطار پارٹی کا اہتمام مغربی غزہ کے ’’شالیھات‘‘ پارک میں کیا گیا۔
ترک امدادی ادارے کے شعبہ اطلاعات کے انچارج محمود الشرفا نے بتایا کہ ادارے کی جانب سے غزہ کی پٹی کے 200یتیم بچوں کے لیے افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا تھا۔ افطار پارٹی کا مقصد ماہ صیام میں یتیم بچوں کے ساتھ ہمدردی اور ان کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرنا تھا۔
الشرفا نے بتایا کہ ’’آئی ایچ ایچ‘‘ غزہ کی پٹی میں یومیہ افطار کے 800 پیکٹ غرباء میں تقسیم کر رہی ہے اور یہ سلسلہ پورے ماہ صیام میں جاری رہے گا۔
خیال رہے کہ فلسطینی محکمہ سماجی بہبود کے اعدادو شمار کے مطابق غزہ کی پٹی میں اسرائیلی کارروائیوں میں فلسطینیوں کی شہادتوں اور طبی اموات کے باعث 20 ہزار بچے یتیم ہو چکے ہیں۔ سنہ 2014ء کی موسم گرما میں غزہ پر مسلط کی گئی جنگ کے نتیجے میں 2000 بچے یتیم ہو گئے تھے۔
غزہ کی پٹی میں ترکی کے امدادی ادارے’’آئی ایچ ایچ‘‘ کےعلاوہ کئی دوسری ترک امدادی تنظیمیں بھی سرگرم ہیں۔ ان میں ’’تعاون و ترقی ایجنسی‘‘ تیکا، ترک ہلال احمر اور ’یاردم الی‘ نامی ادارے شامل ہیں۔