ہالینڈ میں آنے والے فلسطینی پناہ گزینوں کی مفلوک الحالی کےباوجود وہاں کی حکومت کی طرف سے موثر اقدامات نہ ہونے پر وہاں پر موجود فلسطینی کمیونٹی سراپا احتجاج ہے۔ گذشتہ روز ہالینڈ کے دارالحکومت ہیگ میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ایک احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا گیا جس میں سیکڑوں شہریوں نے شرکت کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق احتجاجی مظاہرے میں حصہ لینے والے شہریوں میں ہالینڈ میں مقیم فلسطینی کمیونٹی، عرب ممالک کےشہری اور مسلمانوں کے علاوہ سول سوسائٹی کے کارکن بھی موجود تھے۔ مظاہرین نے ہالینڈ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کی پٹی، شام اور عراق سے نقل مکانی کرکے آنے والے فلسطینی پناہ گزینوں کو پرامن ماحول فراہم کے اور ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی میں ان کی مدد کرے۔
اس موقع پرفلسطینی پناہ گزینوں کے حقوق کی حمایت میں ایک یاداشت ہالینڈ کی پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی تاہم اسے مسترد کردیاگیا۔
احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ہالینڈ حکومت کی طرف سے فلسطینی پناہ گزینوں کی بحالی اوران کے حقوق کی فراہمی میں لاپرواہی کی شدید مذمت کی۔
خیال رہے کہ شام اور عراق میں جاری خانہ جنگی کے نتیجے میں بڑی تعداد میں شہری وہاں سےنقل مکانی کرکےپوری ملکوں میں پہنچے ہیں۔ ان میں فلسطینی پناہ گزینوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔