عرب لیگ نے مغربی ممالک کی جانب سے اسرائیل کو اقوام متحدہ کی ’انسداد دہشت گردی‘ کمیٹی کا سربراہ نامزد کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی ریاست خود ایک دہشت گرد ملک ہے جو کسی بھی صورت میں اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی کمیٹی کی قیادت کا اہل نہیں ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نبیل العربی نے قاہرہ میں سفارت کاروں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی ریاست خود سنگین جرائم میں ملوث ہے۔ مغربی یورپی ملکوں کی طرف سے اسرائیل کو اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی کمیٹی کا سربراہ نامزد کرنا دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے۔ اسرائیل کسی صورت میں اس منصب کا اہل نہیں ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں مغربی یورپ کے بعض ممالک کی طرف سے اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی کمیٹی کی قیادت اسرائیل کو سپرد کیے جانے کی سفارش کی گئی تھی جس پر فلسطین، عرب ممالک اور انسانی حقوق کے اداروں کی جانب سے سخت تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔
عرب لیگ کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے عالمی قراردادوں کو ہمیشہ پس پشت ڈالا، فلسطین میں دیوار فاصل تعمیر کرکے نسلی امتیاز کو فروغ دیا۔ غیرقانونی یہودی آباد کاری جاری رکھ کر مسئلہ فلسطین سے متعلق عالمی ادارے کی قراردادوں کا مذاق اڑیا گیا۔ نام نہاد سیکیورٹی کارروائیوں کی آڑ میں فلسطینی بچوں، ضعیف العمر شہریو اور خواتین کو آئے روز نہایت بے رحمی کے ساتھ شہید کیا جا رہا ہے۔ صہیونی ریاست نے ہزاروں فلسطینیوں کو غیرقانونی طور پر جیلوں میں ڈال رکھا ہے۔ ایسے میں اسرائیل کسی بھی صورت میں اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی کمیٹی کا اہل نہیں ہے۔