فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے ساحل سمندرکے قریب اسرائیلی بحریہ نے ایک کارروائی کے دوران تین فلسطینی ماہی گیروں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پرمنتقل کر دیا جب کہ قابض فوج نے ان کی کشتیاں سمندر میں ڈبو ڈالیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کی کشتیوں نے شمالی غزہ کے ساحلی علاقے بیت لاھیا میں فلسطینی ماہی گیروں کی کشتیوں کا تعاقب کرتے ہوئے انہیں گھیرے میں لے لیا۔ قابض فوجیوں نے فلسطینیوں کی کشتیوں پر فائرنگ کر کے انہیں ناکارہ بنایا اور سمندر میں ڈبو دیا جب کہ ان پر سوار تین ماہی گیروں کو گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر لے جایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ فلسطینی ماہی گیروں اور ان کی کشتیوں کو نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ قابض فوجی آئے روز فلسطینی ماہی گیروں کی کشتیوں پر حملے کرتے اور ماہی گیروں کو زخمی اور گرفتار کرتے ہیں۔۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی ماہی گیروں کو سمندر میں تین کلومیٹر سے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔