ماہرین صحت نےخبردار کیا ہے کہ تمباکو نوشی کے عادی حضرات روزہ افطار کرنے کے دوران سگریٹ نوشی سے سختی سے گریز کریں ورنہ تمباکونوشی جان لیوا بھی ہوسکتی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ترکی کے ماہرین صحت نے اپنی ایک تازہ تحقیق میں بتایا ہے کہ افطاری کے وقت سیگریٹ نوشی اچانک خون کی گردش رکنے اور امراض قلب سمیت کئی جان لیوا عوارض کا موجب بن سکتی ہے۔ اس لئے تمباکو نوشی کرنے والے حضرات افطاری کے وقت سگریٹ نوشی سے سختی سے گریز کریں۔
ترک طبی ٹیم کے سربراہ پروفیسر گاگان قولان کا کہنا ہے کہ افطاری کے فوری بعد سیگریٹ نوشی کرنے والے افراد کے جسم میں رعشہ طاری ہونے کا اندیشہ ہے۔ اگر رعشہ طاری ہو جائے تو وہ خون کی گردش بند ہونے کے ساتھ ساتھ حرکت قلب بند ہونے کا موجب بن سکتی ہے۔
پروفیسر قالان کاکہنا ہے کہ کئی گھنٹے کے توقف کے بعد سیگریٹ نوشی سے انسانی جسم کے کئی اعضا کام کرنا چھوڑ سکتے ہیں۔ سگریٹ نوشی کے کئی دیگر خوفناک نتائج بھی ہیں۔ ماہ صیام سیگریٹ نوشی ترک کرنے کا ایک اچھا موقع بھی ہے۔
صحت سے متعلق عالمی اداروں کاکہنا ہےکہ ماہ صیام میں سگریٹ نوشی کے باعث حرکت قلب بند ہونے کے کیسز میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ لوگوں کا افطاری کے فوری بعد سگریٹ نوشی کا شغل اختیار کرنا ہے۔ چونکہ افطاری طویل وفقے کے بعد معدے اور جسم کےنظام انہضام کو حرکت میں لاتی ہے۔ اس لیے ایسے وقت میں تمباکو نوشی کسی بھی بڑے خطرے کا موجب بن سکتی ہے۔