چهارشنبه 30/آوریل/2025

مظلوم فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت، ترکی کی خدمات کوخراج تحسین پیش

بدھ 8-جون-2016

اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے سیاسی شعبے کے نائب صدر اور سابق وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے مظلوم فلسطینی قوم کے حقوق کی حمایت اور محصورین غزہ کی مادی اور معنوی مدد کرنے پر ترکی کی حکومت اور عوام کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پوری فلسطینی قوم ترکی کی حکومت اور عوام کے احسان مند ہیں کہ انہوں کی مشکل کی ہرگھڑی میں فلسطینیوں کی کھل کرحمایت کی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے ان خیالات کا اظہار ترکی کے سرکاری وفد کے دورہ غزہ کے موقع پر ان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ترکی کا ایک وفد ترک محکمہ اوقاف کے چیئرمین مصطفیٰ صدقم کی قیادت میں حال ہی میں غزہ پہنچا تھا جہاں وفد نے فلسطینی حکومت کے عہدیداروں اور حماس کی قیادت سے ملاقات کی۔

اسماعیل ھنیہ کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کے نائب صدر نے ترک وفد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے فلسطین کی موجودہ صورت حال پرتبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ترک وفد کو غزہ کی تعمیر نوکے حوالے سے جاری منصوبوں اور محصورین غزہ کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اسماعیل ھنیہ نے ترکی کی جانب سے غزہ پٹی میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والی مساجد کی تعمیر اور دیگر تعمیراتی منصوبوں میں معاونت کرنے پر انقرہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ ترکی نے سنہ 2008ء اور 2012ء کی جنگوں میں شہید ہونے والی 73 مساجد کی تعمیرو مرمت کی ذمہ داری اٹھائی تھی۔

مختصر لنک:

کاپی