اردن کے ایک خفیہ ادارے کے تین سینئر افسروں سمیت پانچ افراد پیر کے روز دارلحکومت عمان کے مضافاتی علاقے البقعہ کے فلسطینی مہاجر کیمپ میں قائم ایک سیکیورٹی دفتر پر حملے میں ہلاک جبکہ دوسرے دو ملازم زخمی ہو گئے۔
اردنی وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات محمد المومنی نے بتایا کہ یکم رمضان المبارک کو ایک فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں انٹیلی جنس کے دفتر پرہونے والے حملے میں کم سے کم پانچ افراد مارے گئے ہیں۔ مرنے والوں میں اردنی انٹیلی جنس کے تین افسر اور دو دوسرے شہری شامل ہیں۔
اردن کے سرکاری ٹی وی نے حکومتی ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ حملہ مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے وسیع رقبے پر پھیلے سیکیورٹی دفتر پر کیا گیا۔ ترجمان نے حملے کو ‘دہشت گرد کارروائی’ قرار دیتے ہوئے مزید تفصیل نہیں بتائی۔