شنبه 16/نوامبر/2024

بلغاریہ میں قتل فلسطینی رہ نما کی تدفین 10 جون کو ہو گی

جمعرات 2-جون-2016

بلغاریہ میں چند ماہ قبل نامعلوم دہشت گردوں کے حملے میں فلسطینی تنظیم عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے رہ نما عمر النایف کے قتل کی تحقیقات کے بعد 10 جون کو مقتول کو بلغاریہ کے صدر مقام صوفیا میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مقتول فلسطینی رہ نما النایف کے اہل خانہ نے بتایا کہ مقتول النایف کو 10 جون کو بلغاریہ کے شہر صوفیا میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ  پوری فلسطینی قوم النایف کے قاتلوں کو کٹہرے میں دیکھنا چاہتی ہے۔ ہم نے تہیہ کر رکھا ہے کہ جب تک النائف کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا اس وقت تک آرام اور چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ النایف کا خون پوری مسلم امہ کی گردنوں پر قرض ہے۔

خیال رہے کہ چند ماہ قبل بلغاریہ کے صدر مقام صوفیا میں قائم فلسطینی سفارت خانے میں پناہ گزین عمر النایف کو نامعلوم افراد نے ہولناک تشددد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا تھا۔ مقتول کے اہل خانہ نے اس واقعے کی تمام ترذمہ داری اسرائیل پرعاید کی تھی اور فلسطینی اتھارٹی پر اس کیس کو سرد خانے میں ڈالنے کا الزام عاید کیا گیا تھا۔

النایف اسرائیل کی ایک جیل میں تھے جہاں سے وہ پراسرار طورپر فرارہوکر بلغاریہ پہنچ گئے تھے۔ اسرائیلی حکومت نے متعدد مرتبہ بلغاریہ سے النایف کی گرفتاری اور حوالگی کا مطالبہ کیا تھا۔ اس پر بلغاریہ کی پولیس نے انہیں حراست میں لینے کی کوشش کی تو وہ صوفیا میں قائم فلسطینی سفارت خانے میں پناہ گزین ہو گئے تھے۔

مختصر لنک:

کاپی