اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے ترکی میں وزارت عظمیٰ کا منصب سنھبالنے پر بن علی یلدرم کو مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ ترکی کی نئی حکومت فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت جاری رکھے گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ترک کابینہ کے شعبہ اطلاعات ونشریات کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کے پولیٹ بیورو خالد مشعل نے نو منتخب وزیراعظم بن علی یلدرم سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور انہیں حکومت سنھبالنے پر مبارک باد پیش کی۔
خالد مشع کا کہنا تھا کہ بن علی یلدرم کا ترکی میں وزارت عظمیٰ کے لیے انتخاب خطے کی سلامتی اور ترکی کی کامیابی کا ضامن ثابت ہوگا۔ انہوں نے فلسطینیوں کی غیرمتزلزل حمایت جاری رکھنے پر ترک حکومت اور عوام کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں ترکی میں احمد داؤد اوگلو کے وزارت عظمٰی کے منصب سے سبکدوشی کے بعد حکمراں جماعت انصاف و ترقی پارٹی’’آق‘‘ نے بن علی یلدرم کو نیا وزیراعظم منتخب کیا تھا۔ انہوں نے دو روز قبل پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد باقاعدہ حکومتی انتظام وانصرام سنبھال لیا ہے۔