فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں کل منگل کو مبینہ طور پر اسرائیلی ایلیٹ فورس کے اہلکاروں نے ایک فلسطینی خاندان پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں والد اور اس کے دو بچے زخمی ہو گئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی خاندان پر فائرنگ کا یہ وقعہ جنوب مغربی الخلیل کے بیت عوا قصبے میں اس وقت پیش آیا جب نامعلوم افراد نے خالد علی عبدالقادر السویطی کے گھر پر چھاپہ مارا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے عناصر نے چہروں پر ماسک چڑھا رکھے تھے اور فائرنگ کے بعد فوری طور پر فرار ہو گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت نہیں ہو سکی ان کے لباس سے لگتا تھا کہ وہ اسرائیلی فوج کی ایلیٹ فورس کے اہلکار ہیں۔
زخمی شہری اور اس کے دونوں بچوں کو ایک مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر کی جاتی ہے۔