ترکی کے نو منتخب وزیراعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے انہیں صدر رجب طیب ایردوآن کے سیاسی افکارو نظریات سے مکمل اتفاق ہے اور وہ صدر کے ویژن کو آگے لے کرچلیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ترکی کو جدید ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے صدر ایردوآن کے شانہ بہ شانہ سفر جاری رکھا جائے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق نو منتخب وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار قسطنطنیہ[استنبول] کی عثمانی فوج کے ہاتھوں 563 ویں فتح کی یاد میں منعقدہ ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی کا سفر جاری رکھا جائے گا۔ عوامی اجتماع کے موقع پر صدر رجب طیب ایردوآن بھی موجود تھے۔
نو منتخب وزیراعظم بن علی یلدرم نے ترک قوم پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرتے ہوئے ملک کی تعمیر اور اس کے استحکام میں حکومت کے دست و بازو بن جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں ایک بار پھر سے بیدار ہونے کی ضرورت ہے۔ قسطنطنیہ کی فتح کی یاد میں قوم میں بیداری کی ایک نئی روح پھونک دی ہے۔
وزیراعظم یلدرم نے نام لیے بغیر کہا کہ چند شرپسند قوتیں ملک میں دہشت گردی کی مرتکب ہیں۔ ایسے ملک دشمن عناصر ملک کو ترقی کی کرتا نہیں دیکھ سکتے اور وہ اس راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔ ایسے لوگ ریاست کے اندر متوازی ریاست بنانے کی سازش کررہے ہیں مگر حکومت ایسے سازشیوں کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
خیال رہے کہ ترکی کی حکومت امریکا میں خود ساختہ جلا وطنی کی زندگی گذارنے والے مذہبی مبلغ فتح اللہ گولن کو ملک کے اندر ریاست قائم کرنے کا الزام عاید کرتے ہیں۔ ترک حکومت کا موقف ہے کہ فتح اللہ گولن باہر بیھٹے اپنے حواریوں کی مدد سے ترکی کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔